پنجاب حکومت نے 3 ہزار سکول و مدارس میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کی منظوری دیدی

06-23-2025

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، صاف پانی اتھارٹی کی جانب سے 3 ہزار سکول و مدارس میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔

صوبائی وزراء بلال یاسین اور رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پنجاب صاف پانی اتھارٹی چوہدری زاہد اکرم  نے شرکت کی، اجلاس میں سی ای او سید زاہد عزیز اور ڈی جی او اینڈ ایم زوہیب بٹ بھی موجود تھے۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ میں 3 مدارس اور تین سکولز سے آغاز کیا جائیگا جبکہ کونسلز کی مدد سے فلٹریشن پلانٹس لگانے کیلئے فنڈز دیئے جائیں گے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ موذی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، تعلیمی اداروں میں صاف پانی کے منصوبے انتہائی خوش آئند ہیں، پلانٹ پر چوکیدار سکول اور مدرسہ انتظامیہ خود لگائیں گے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ کمیونٹی سکولز سوسائٹی 40 فیصد کم بجٹ میں پلانٹس لگائیں گے، منصوبوں کی صاف پانی اتھارٹی تکنیکی معاونت و مانیٹرنگ کریگی تاہم سکول و مدارس انتظامیہ خود پلانٹس کی دیکھ بھال کے ذمہ دار ہوں گے۔