بگ بیش لیگ: شاہین آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو ٹارگٹ بنا لیا
06-22-2025
(ویب ڈیسک) پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بی بی ایل 15 میں آسٹریلیا اور پاکستان کے بڑے بیٹرز کو نشانہ بنا لیا۔
پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابراعظم، ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ جیسے سٹارز میرے نشانے پر ہوں گے، یہ تینوں وکٹیں میرے لیے اہم ہوں گی، کسی ایک کو منتخب نہیں کرسکتا، ان سب کی وکٹ قیمتی ہوگی۔ انہوں نے پاکستانی پلیئرز کی بڑی تعداد میں لیگ میں شرکت پر بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کو مزہ آئے گا جب ہم آمنے سامنے ہوں گے۔ شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ اگر وہاں بھی مجھے پہلے اوور میں وکٹ ملی تو خوشی دگنی ہو جائے گی، اگر کراؤڈ ’’آفریدی آفریدی‘‘ کے نعرے لگائے تو توانائی مزید بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ برسبین ہیٹ کے ساتھ ایک اور ٹرافی جیتنے کے خواہاں ہیں۔ فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں تین ٹائٹلز جیتے، اب بی بی ایل میں بھی پہلے ہی سیزن میں کامیابی کا خواب ہے، ٹیم اور مینجمنٹ کا اعتماد کھلاڑی کو نکھارتا ہے۔