نیشنز ہاکی کپ: پاکستان فرانس کو ہراکر فائنل میں پہنچ گیا
06-20-2025
(لاہور نیوز) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے فرانس کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں پاکستان اور فرانس کے درمیان پہلا سیمی فائنل مقررہ وقت کے اختتام پر 3-3 گول سے برابر ہو گیا تاہم پنالٹی شو آؤٹ میں پاکستان نے فرانس کو 2 کے مقابلے میں 3 گول کر کے شکست دیدی۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے تاہم کوئی ٹیم گول سکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں فرانس نے گول سکور کر کے پاکستان پر ایک گول برتری حاصل کی۔ تیسرے کوارٹر کے 5ویں منٹ میں فرانسیسی پلیئر نے گول داغ کر برتری 0-2 کر دی، 3 منٹ بعد رانا وحید اشرف نے گول کر کے میچ میں پاکستان کیلئے پہلا گول سکور کیا۔ بعدازاں تیسرے کوارٹر کے 12ویں منٹ میں پنالٹی پر سفیان مقیم اور 13ویں منٹ میں رانا وحید نے میچ میں اپنا دوسرا گول سکور کر کے ٹیم کو 2-3 کی برتری دلا دی، چوتھے کواٹر میں فرانس کی ٹیم پاکستانی کی برتری کو برابر کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ پاکستان نے گروپ مرحلے میں جاپان کو شکست دی تھی، نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ٹیم 4-3 سے ناکام رہی، ملائیشیا کے خلاف پہلا میچ تین، تین سے برابر کیا تھا اور بہتر گول اوسط پر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔