پی ٹی اے کا صارفین کیلئے مفت پیکج، 200 خواتین کو موبائل فون دینے کا اعلان

06-19-2025

(لاہور نیوز) 20 کروڑ موبائل صارفین کا سنگ میل عبور کرنے پر پی ٹی اے کی جانب سے موبائل صارفین کے لئے مفت پیکج اور 200 خواتین کو موبائل فون مفت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے نے ملک بھر میں موبائل صارفین کی تعداد 20 کروڑ تک پہنچنے پر تقریب کا انعقاد کیا، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمن نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد 20 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ پی ٹی اے  کی جانب سے موبائل صارفین کے لئے پیکج کا اعلان کیا گیا، چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ بیس جون کو 24 گھنٹے کے لئے 2 جی بی ڈیٹا مفت فراہم کیاجائے گا، اس کے علاوہ صارفین کو 20 جون کو 200 آن نیٹ بلکل مفت مہیا کئے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ بیس کروڑ کی سطح عبور کرنے پر تمام صارفین کو پیکج دیا جارہا ہے۔  200 موبائل فون مفت دینے کے لیے قرعہ اندازی بھی کی گئی، کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 200 موبائل فون جیتنے والی خواتین کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ۔ چیئرمین پی ٹی اے اور وزیر آئی ٹی نے قرعہ اندازی کے ذریعے ناموں کا اعلان کیا۔ چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق ملک میں 80.30 فیصد علاقوں موبائل سروس کی سہولت موجود ہے، براڈ بینڈ سبسکرائبرز کی تعداد 14 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے، فکسڈ ٹیلی فون سبسکرائبرز کی تعداد 30 لاکھ سے زائد  ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی اے کی اس کامیابی سے سب کو خوشی ہوئی ہے، پاکستان میں ٹیلی کام اور آئی ٹی انڈسٹری کو در پیش چیلنجز کا علم ہے، سپیکٹرم کی نیلامی کو وقت پر کرنے کے لیے محنت کر رہے ہیں، ڈیجیٹل اکانومی کی بنیاد ہی کنیکٹوٹی ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ 20 جون کو 2 جی بی ڈیٹا سب اسبسکرائبرز کو مفت فراہم کیا جائے گا، ایچ ای سی کی متعدد جامعات میں فری وائی فائی کی سروسز فراہم کی جائیں گی۔