کلینک آن ویلز منصوبے سے 92 لاکھ افراد مستفید ہوئے، عظمیٰ بخاری
06-19-2025
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صرف ایک سال میں 92 لاکھ افراد کلینک آن ویلز منصوبے سے مستفید ہو چکے ہیں۔
صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں ترقی، خوشحالی اور شفاف حکمرانی کا نیا باب رقم ہو رہا ہے، وزیراعلیٰ نے عوامی خدمت کے مشن کا آغاز کرتے ہوئے کلینک آن ویلز فیز ٹو کا افتتاح کیا جس میں 911 ایئرکنڈیشنڈ گاڑیاں شامل کی گئیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا اب علاج گھر کی دہلیز پر دستیاب ہے، جہاں پہلے مریضوں کو علاج کیلئے دھکے کھانے پڑتے تھے، آج صحت ان کے دروازے پر خود پہنچتی ہے، صرف ایک سال میں 92 لاکھ افراد اس منصوبے سے مستفید ہو چکے ہیں۔ صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر کا کہنا تھا وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں شفاف احتساب کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، وزیراعلیٰ خود اپنی کابینہ کا احتساب کرتی ہیں، ایسا کبھی پہلے نہیں دیکھا گیا، پنجاب میں محنت کشوں کیلئے 3 ہزار نئے فلیٹس 26.5 ارب روپے کی لاگت سے بنائے جا رہے ہیں، محنت کشوں کے 28 ہزار زیرالتوا کیسز کو نمٹا دیا گیا ہے، اس سال 70 ہزار سکالرشپس مزدوروں کے بچوں کو دی جائیں گی۔ فیصل ایوب کھوکھر نے کہا 29 ہزار غریب بچیوں کی شادیاں دھی رانی پروگرام کے تحت کی جائیں گی، کم از کم تنخواہ 37 ہزار روپے سے بڑھا کر 40 ہزار روپے کر دی گئی ہے، 300 نئے ڈے کیئر سینٹرز بنائے جا چکے ہیں، اگلے مالی سال میں ان کی تعداد دگنی کی جائے گی۔ فیصل ایوب کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں کی بحالی کے تحت 51 سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر نو کی گئی، کبڈی جیسے ثقافتی کھیل کو زندہ کیا گیا، لیبر ہسپتالوں میں ویکسی نیشن مہم بھی شروع ہو چکی ہے اور اب تمام سوشل سکیورٹی ادارے سولر انرجی پر منتقل کئے جا رہے ہیں۔