مہنگائی مافیا کا راج برقرار، روزمرہ اشیا عوام کی پہنچ سے دور

06-19-2025

(لاہور نیوز) ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوتا جا رہا ہے، روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر گوشت کی فی کلو قیمت میں معمولی کمی واقع ہوئی  اور یہ 8 روپے سستا ہو کر 453 روپے فی کلو پر آ گیا، تاہم فارمی انڈے بدستور 287 روپے فی درجن پر فروخت ہو رہے ہیں، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 8,490 روپے میں دستیاب ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ جاری ہے، مارکیٹ میں ٹینڈے 220 روپے، میتھی 160 روپے اور آلو 100 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ پھلوں کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں، سیب 600 روپے، آڑو 320 روپے اور سندھڑی آم 280 روپے فی کلو دستیاب ہیں، اس کے علاوہ پپیتا 550 روپے، فالسہ 350 روپے اور جامن 450 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ شدید بڑھتی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت صرف دعوے کر رہی ہے، عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آ رہے، عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ مہنگائی کے مارے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔