وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، نواز شریف آئی ٹی سٹی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ

06-18-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سی بی ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین  نے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی پنجاب کے ٹیکنالوجی سیکٹر میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو گا، اس کے قیام کیلئے مؤثر، تیز تر اور ضروری اقدامات فوری طور پر کئے جائیں۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی کو سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ منظوری مل گئی ہے اور یہ پنجاب کا پہلا ایسا ادارہ بن گیا ہے جو اس زون کے تحت کام کرے گا، منصوبے کے اہم ترین حصے "سیلی کون بلاک" کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ سیلی کون بلاک میں دنیا بھر کی 23 بڑی آئی ٹی کمپنیوں نے ادارے قائم کرنے کیلئے پلاٹ حاصل کر لئے ہیں، ان کمپنیوں میں نیٹ سول، ڈیٹا فورٹ، ماری ٹیک، ڈیٹا روکز سمیت کئی بین الاقوامی نام شامل ہیں۔ نیٹ سول یہاں پاکستان کی پہلی جامع آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرے گا، ڈیٹا فورٹ اور ماری ٹیک مشترکہ طور پر ٹیئر تھری اور ٹیئر فور ڈیٹا سینٹرز بنائیں گے، ڈیٹا روکز  نے پنجاب کی پہلی ایف ٹی اے سے منظور شدہ لیبارٹری کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں نہ صرف ٹیکنالوجی بلکہ تعلیم و صحت کے شعبوں میں بھی نمایاں سرمایہ کاری ہو رہی ہے، برطانیہ کا ممتاز ادارہ ایمپیریل کالج لندن، نووے کیئر کے اشتراک سے ایک جدید میڈیکل کالج اور ہسپتال قائم کرے گا، روٹس گروپ نے برطانوی یونیورسٹی وارک کے ساتھ جوائنٹ وینچر کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کو روزگار، جدید تعلیم اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔