سابق آسٹریلوی کپتان نے بابراعظم کو دہائی کا 'عظیم ترین' کھلاڑی قرار دیدیا

06-18-2025

(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ نے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر بابر اعظم کو دہائی کا عظیم ترین کھلاڑی قرار دے دیا۔

ایک انٹرویو کے دوران سابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی سکسرز کی جانب سے بابراعظم کو سکواڈ کا حصہ بنانے پر سوال کیا گیا۔ جس پر جواب دیتے ہوئے ایرون فنچ نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں اس وقت بابراعظم سے بڑا کوئی نام نہیں ہے، وہ اس وقت دہائی کے عظیم ترین کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے دنیا بھر میں اپنی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقدین کو کرارا جواب دیا ہے، ہمارے شائقین اِن جیسے پلیئرز کو آسٹریلوی سرزمین کھیلتے دیکھنا پسند کریں گے۔ اس موقع پر سابق اوپننگ بیٹر نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی بھی تعریف کی اور انہیں میچ ونر کھلاڑی قرار دیا۔ واضح رہے کہ بگ بیش لیگ کے رواں ایڈیشن میں بابراعظم کو پلاٹینم کیٹگری میں منتخب کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی فرنچائز سڈنی سکسرز نے 4 لاکھ 20 ہزار ڈالر (یعنی پاکستانی روپوں میں 11 کروڑ 88 لاکھ سے زائد) میں اپنے سکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ دوسری جانب بابراعظم مسلسل ناقص فارم اور کارکردگی کے باعث پاکستانی ٹیم سے باہر ہیں۔