قومی اسمبلی اور سینٹ کمیٹیوں سے سولر پینل پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز مسترد
06-17-2025
(لاہور نیوز) قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سولر پینل پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز کی سخت مخالفت کر دی۔
وفاقی دارالحکومت میں سید نوید قمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں پیش کیے گئے بجٹ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں قائمہ کمٹی برائے خزانہ نے سولر پینل پر سیلز مسترد کرتے ہوئے سولر پینل پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز کی سخت مخالفت کر دی، چیئرمین کمیٹی قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی تمام جماعتیں سولر پینل پر سیلز ٹیکس لگانے کے خلاف ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کمیٹی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ قائمہ کمیٹی کی کچھ تجاویز نوٹ کر لی گئی ہیں، نوید قمر کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے متفقہ طور پر سولر پینل پر سیلز ٹیکس لگانے پر ایف بی آر کی تجویز مسترد کی ہے۔ دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے بھی سولر پینل پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔