آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، صوبائی وزیرخزانہ

06-17-2025

(لاہور نیوز) صوبائی وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے ہمراہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ کل عوامی خدمت کا تاریخی پیکیج پیش کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، بجٹ ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام کو تاریخی ریلیف دیا گیا، بجٹ کا کل حجم 5 ہزار 335 ارب روپے ہے، ترقیاتی بجٹ میں 1240 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ ہے، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیز کو اس سال 18 ارب روپے دے رہا ہے، سکولوں میں ایڈوانس آئی ٹی لیبز کیلئے 40 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سکول نیوٹریشن پروگرام کو 8 اضلاع میں بڑھایا جائے گا، صحت اور تعلیم پر 148 ارب روپے لگائے جائیں گے، آر ایچ سی اور بی ایچ یوز مریم نواز ہیلتھ کلینک کی شکل اختیار کر چکے ہیں، لاہور میں پہلا نواز شریف کینسر ہسپتال بھی بن رہا ہے، لاہور میں 24 الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، اس سال ٹرانسپورٹ میں 1100 بسیں شامل کی جائیں گی، ہم ٹیکس نیٹ کو بھی بڑھا رہے ہیں۔