فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، جعلی دودھ والی گاڑی پکڑ لی، 550 لٹر سفید محلول تلف
06-17-2025
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے لاہور قصور بائی پاس پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی دودھ سے بھری گاڑی پکڑ لی۔
کارروائی کے دوران 550 لٹر سفید محلول تلف کر دیا گیا جبکہ گاڑی اور ممنوعہ نیلے ڈرم بھی ضبط کر لئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ ٹیمیں شہر کے داخلی راستوں پر مسلسل ناکہ بندیاں کر رہی ہیں، اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 77 ہزار 330 لٹر دودھ کی چیکنگ کی جا چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور قصور بائی پاس پر پکڑی جانے والی گاڑی کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے، موقع پر کئے گئے ٹیسٹ میں جعل سازی ثابت ہونے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، جعلی دودھ میں پانی، کیمیکل پاؤڈر اور دیگر ممنوعہ اشیا کی ملاوٹ کی گئی تھی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق جعلی دودھ کے سیمپل مزید لیبارٹری تجزیے کے لئے بھجوا دیئے گئے ہیں، دودھ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے نئی قانون سازی بھی جاری ہے۔