لیسکو میں بجلی چوری کی شرح میں اضافہ، پاور ڈویژن کا اظہار تشویش

06-17-2025

(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں بجلی چوری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ سامنے آ گیا جس کے بعد وفاقی وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق لیسکو کے 291 الیون کے وی فیڈرز پر بجلی کے 20 سے 30 فیصد تک لائن لاسز ریکارڈ کئے گئے ہیں، ان فیڈرز سے بجلی غائب ہونے کی شرح دیگر تمام ڈسکوز کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔  پاور ڈویژن نے لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کو ایک مراسلہ ارسال کرتے ہوئے 291 فیڈرز پر بجلی کے نقصانات کم کرنے کی ہدایت کی ہے، مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ان فیڈرز کو کم از کم 20 فیصد لائن لاسز کی سطح پر لایا جائے تاکہ لوڈشیڈنگ کی کیٹیگری تھری سے بچا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن کے مراسلے کی روشنی میں لیسکو کے تمام متعلقہ دفاتر کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔