ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈیشن، سلاٹرنگ اور آپریشنل امور پر لائحہ عمل زیر غور

06-16-2025

(لاہور نیوز) ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈیشن حتمی مراحل میں داخل ہو گئی، سلاٹرنگ اور آپریشنل امور پر مؤثر لائحہ عمل زیر غور ہیں۔

ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈیشن اور آپریشنل بہتری کے حوالے سے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مارکیٹ کے سلاٹرنگ سسٹم اور دیگر آپریشنل امور پر ٹھوس میکانزم تشکیل دینے پر غور کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق  نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ٹولنٹن مارکیٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے اور اس کی اپ گریڈیشن اب تکمیل کے قریب ہے، جہاں صرف فنشنگ کا عمل باقی رہ گیا ہے۔ اجلاس میں ٹولنٹن مارکیٹ سے منسلک نالے کے اوپر مجوزہ سلاٹر ہاؤس کے ڈیزائن کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور نیسپاک ٹیم  نے ڈیزائن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نالے کے رائٹ آف وے کو فیروزپور روڈ سے جیل روڈ تک بہتر بنایا جائے گا، جبکہ مارکیٹ میں موجود میٹ کی سلاٹرنگ کو نئے مجوزہ سلاٹر ہاؤس میں منتقل کیا جائے گا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید  نے کہا کہ مرغیوں کی انسپکشن اور سلاٹرنگ کیلئے واضح ایس او پیز کا نفاذ ناگزیر ہے، تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ گوشت فراہم کیا جا سکے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ میں میٹ کی خرید و فروخت کی چیکنگ کر رہی ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں صرف گوشت کی فروخت کی اجازت ہو گی، جبکہ سلاٹرنگ کا عمل مخصوص سلاٹر ہاؤسز میں کیا جائے گا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ ایل ڈی اے، فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے مل کر مارکیٹ کی مجموعی فعالیت کو بہتر بنائیں گے، مارکیٹ کمیٹی میں مقامی تاجروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی نمائندگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔