فیروزپور روڈ پر بنائی گئی بائیکرز لین ایک بار پھر اکھاڑ دی گئی
06-16-2025
(لاہور نیوز) فیروزپور روڈ پر بنائی گئی بائیکرز لین ایک بار پھر اکھاڑ دی گئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سوئی گیس کی جانب سے نئی پائپ لائن بچھانے کے لئے بائیکرز لین کے 150 میٹر طویل حصے کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے، ترقیاتی کاموں کی غیر مربوط منصوبہ بندی اور اداروں کے درمیان رابطے کے فقدان نے اس منصوبے کو شہری سہولت کے بجائے ایک اذیت ناک تجربہ بنا دیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیپا نے سوئی گیس کو این او سی جاری کیا ہے، جبکہ سڑک کی بحالی کی ذمہ داری بھی ٹیپا کے ہی سپرد ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار کی کھدائی اور مرمت نے سڑک کی پائیداری کو بُری طرح متاثر کیا ہے اور لاکھوں روپے سرکاری خزانے سے خرچ ہونے کے باوجود اس کا کوئی دیرپا حل نظر نہیں آ رہا۔ اداروں کے درمیان عدم رابطہ نہ صرف وسائل کا ضیاع بن رہا ہے بلکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، دفاتر، سکولز اور بازاروں کو جانے والے افراد شدید ٹریفک جام کا شکار ہو رہے ہیں۔