چیف الیکشن کمشنر و ممبران کی تعیناتیوں کا معاملہ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی وضاحت
06-15-2025
(لاہور نیوز) چیف الیکشن کمشنر و دو ممبران کی تعیناتیوں کے معاملے پر میڈیا پر چلنے والی خبروں پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نےاپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خط کا جواب دے دیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے خط میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کےلیے طریقہ کار بتا دیا ہے، چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتیوں کے معاملے پر وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو لکھے گئے 16 مئی کے خط کا حوالہ بھی دیا، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں ناموں پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ سپیکر قومی اسمبلی کے پاس آئے گا۔ ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے سپیکر کو پارلیمانی لیڈرز سے پارلیمانی کمیٹی کے نام مانگنے کی درخواست کی جائے گی، جس پر سپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی لیڈرز سے نام طلب کریں گے،پارلیمانی لیڈرزکی جانب سے بھیجے گئے ناموں کو قومی اسمبلی میں موجود پارٹی نمائندگی کے مطابق شامل کیا جائے گا۔ ترجمان قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے نام بھجوائیں جائیں گے تب کمیٹی بنے گی، کمیٹی کی تشکیل وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت مکمل ہونے سے پہلے ممکن نہیں۔ ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان کی تعیناتیوں کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا تھا۔