حکومت کا پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس میں ہی بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ

06-15-2025

(ویب ڈیسک) صوبائی حکومت نے نیا اجلاس بلانے کے بجائے پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس کے دوران ہی بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق 16 جون بروز سوموار کو بجٹ اجلاس کے لئے مسلم لیگ ن نے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے، پنجاب اسمبلی کا سوموار کو ہونے والا اجلاس پہلی مرتبہ دو سیشنز پر مشتمل ہو گا۔ یہ اجلاس صبح 10 بجے شروع ہو گا اور پہلے سیشن میں ایوان میں معمول کی کارروائی مکمل کی جائے گی جس کے بعد مختصر وقفہ کیا جائے گا اور وقفے کے بعد ہونے والے دوسرے سیشن میں بجٹ پیش کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن مالی 2025-26 کا بجٹ پیش کرینگے، حکومتی اراکین کے مطابق ماضی میں اس سے قبل بجٹ کے لیے ہمیشہ الگ سے اجلاس بلایا جاتا رہا ہے لیکن پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس کے مطابق رواں اجلاس میں ہی بجٹ پیش کیا جاسکتا ہے کیونکہ اسمبلی رولز رواں اجلاس میں ہی بجٹ کو پیش کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے  بجٹ اجلاس سے متعلق حکمت عملی مرتب کر لی۔ مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کے لیے سوموار کی صبح ایوان وزیراعلیٰ میں ناشتے کا اہتمام کیا جائے گا، مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو سوموار کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بجٹ سیشن میں شرکت کا امکان ہے۔