پٹرول، ڈیزل فی لٹر 5 روپے مہنگا ہونے کا امکان

06-14-2025

(لاہور نیوز) عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک روپے اور 5 روپے فی لٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ ٹیکس کی شرحوں کی بنیاد پر باخبر ذرائع  نے بتایا کہ 15 جون کو حتمی حساب سے پٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً ایک روپے فی لٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) میں 5 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔ اس وقت ایکس ڈپو پٹرول کی قیمت فی لٹر 252.63 روپے ہے، پٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور دو پہیوں والی سواری میں استعمال ہوتا ہے اور اس کا براہ راست اثر متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے بجٹ پر پڑتا ہے۔ ڈیزل کی اس وقت ایکس ڈپو قیمت 254.64 روپے فی لٹر ہے، ٹرانسپورٹ کا زیادہ تر شعبہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر چلتا ہے، اس کی قیمت کو افراط زر میں کمی یا اضافے کی وجہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہ زیادہ تر بھاری نقل و حمل کی گاڑیوں، ٹرینوں اور زرعی انجنوں، جیسے ٹرک، بس، ٹریکٹر، ٹیوب ویل اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے۔