منافع خور مافیا کی من مانیاں جاری، پھل و سبزی عوام کی پہنچ سے باہر
06-14-2025
(لاہور نیوز) شہر میں منافع خور مافیا کی جانب سے ایک بار پھر سرکاری نرخوں کو نظر انداز کر کے پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا۔
مارکیٹ میں لہسن 350 روپے، ادرک 700 روپے، سبز مرچ 180 روپے اور چائنیز لیموں 600 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، سبزیوں میں پھول گوبھی 180، بھنڈی 100 اور شملہ مرچ 250 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہیں۔ پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں، کیلا درجہ اول 230 روپے اور درجہ دوئم 180 روپے فی درجن دستیاب ہے، آڑو 320، آم (سندھڑی) 350، گرما 150 اور خربوزہ 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 66 روپے فی کلو کی بڑی کمی ہوئی ہے جس کے بعد فی کلو قیمت 366 روپے ہو گئی ہے، زندہ برائلر کا ہول سیل ریٹ 239 جبکہ پرچون قیمت 253 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، صافی برائلر گوشت 460 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ فارمی انڈوں کی سپلائی بدستور متاثر ہے جس کے باعث قیمت میں کوئی کمی نہ آ سکی، انڈوں کی فی درجن قیمت 317 روپے برقرار ہے جبکہ مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 9 ہزار 390 روپے میں بیچی جا رہی ہے۔