شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ، شہری لوڈشیڈنگ سے پریشان
06-14-2025
(لاہور نیوز) شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہو گیا، شہری لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے، جس سے لیسکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم پر شدید دباؤ پڑ رہا ہے، بڑھتے ہوئے لوڈ کے باعث تکنیکی خرابیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے اور دیگر تکنیکی مسائل کے سبب گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن چکا ہے، شہری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شدید پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ شدید گرمی میں فیڈرز کے اوورلوڈ ہونے سے ٹرپنگ کی شکایات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ لیسکو ذرائع کے مطابق کمپنی کو اس وقت 160 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے، جبکہ مجموعی طلب 4230 میگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے۔ حکام کی جانب سے سسٹم میں بہتری اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اقدامات کی یقین دہانی تو کرائی گئی ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ فوری ریلیف نہ دیا گیا تو صورتحال مزید ابتر ہو سکتی ہے۔