اپنی چھت اپنا گھر پروگرام: بلاسود قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کا فیصلہ
06-13-2025
(لاہور نیوز) وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت "اپنی چھت اپنا گھر پروگرام" سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر میں گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ نورالامین مینگل نے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان اور بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے بھی شرکت کی۔ درخواستگزاروں کی تعداد 6 لاکھ 34 ہزار سے تجاوز، 4 ہزار کے قریب گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران 1 لاکھ گھروں کا ہدف مکمل کر لیا جائے گا۔ اخوت اور دیگر مائیکرو فنانس اداروں (MFIs) کو دفاتر اور عملہ بڑھانے کی ہدایت جاری کر دی گئی، عوامی سہولت کے لیے محلہ، تحصیل اور ضلعی سطح پر آگاہی و رہنمائی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے مزید کہا کہ 6 لاکھ افراد کی درخواستوں کی سکریننگ کا عمل تیز ہے، گھروں کی تعمیر کیلئے غریب و مستحق افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔