جمعۃ المبارک : آئی جی پنجاب کی صوبے میں سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت

06-13-2025

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعۃ المبارک کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ علاقائی مساجد کا دورہ کریں اور نماز جمعہ کے بعد شہریوں کے مسائل سنیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مساجد کو اسلام کی روح کے مطابق کمیونٹی سے رابطے کا مرکز بنایا جائے تاکہ امن، انصاف اور معاشرتی اصلاح کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ معاشرے کی اصلاح، امن و انصاف کی فراہمی میں منبر و محراب کا اہم کردار ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ معاشرے کی بہتری اور ترقی میں مساجد کا کردار کلیدی ہے، پولیس افسران شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر سنیں اور فوری حل فراہم کریں، ساتھ ہی عوام کو پولیس کی فراہم کردہ سہولیات اور خدمات سے بھی آگاہ کیا جائے۔