وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت اجلاس، آئندہ مالی سال کے بجٹ پربریفنگ

06-13-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 2025-26 سے متعلق اہم اجلاس، آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے آئندہ مالی سال بجٹ سے متعلق بریفنگ دی۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اخراجات کم کرنے، آئی ایم ایف مطالبات پر کام کرنے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے لیے اہداف کا تعین کارکردگی اور پوٹینشل کو مد نظر رکھ کر کیا جائے گا، محصولات میں اوسطاً 20 فیصد کی شرح سے مسلسل اضافہ خوش آئند ہے، آئندہ مالی سال میں محصولات میں اضافے کے لیے ٹیکس نیٹ کے پھیلاؤ کو یقینی بنایا جائے گا، نئے ٹیکس دہندگان کی رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ بھی خوش آئند ہے۔  پنجاب میں نیا ٹیکس نہ لگانے اور ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان نے بتایا کہ جو افراد ٹیکس کے دائرہ کار سے باہر ہیں ان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا پلان تیار کر لیا، آپ کی ہدایت پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے البتہ ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے سے متعلق پلان مرتب کر لیا۔  سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے سے متعلق پلان سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔