مرغی کا گوشت 29 روپے سستا، انڈے اور سبزیاں بدستور مہنگی

06-13-2025

(لاہور نیوز) ملک بھر میں مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے ایک معمولی خوشخبری سامنے آئی ہے۔

مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مرغی کا گوشت 29 روپے سستا ہو کر 432 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جو حالیہ دنوں میں ایک اہم کمی سمجھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں کوئی کمی نہیں آئی، انڈوں کی فی درجن قیمت 317 روپے پر برقرار ہے جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں ایک پیٹی انڈے 9 ہزار 390 روپے میں دستیاب ہے، سپلائی میں کمی کے باعث قیمتیں نیچے آنے کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔ ادھر سبزیاں اور پھل خریدنا عوام کیلئے بدستور ایک چیلنج بنا ہوا ہے، مارکیٹ میں روزمرہ استعمال کی سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ٹینڈے 180 روپے، میتھی 160، کریلے 120 اور آلو 100 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔ پھلوں کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، سیب 580، پپیتا 550، آم (سندھڑی) 350 اور آڑو 320 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں، جس کے باعث متوسط طبقہ اور کم آمدنی والے افراد کیلئے متوازن خوراک تک رسائی مزید مشکل ہو گئی ہے۔