پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے طلبا میں 25 ہزار کٹس تقسیم
06-04-2025
(لاہور نیوز) پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے طلبا میں 25 ہزار سپورٹس کٹس تقسیم کر دی گئیں۔
پاکستان سپورٹس بورڈ میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ طلباء کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں میں مشغول رہنا بہت ضروری ہے، پہلے سپورٹس کمپلیکس قومی ایتھلیٹس یا فیس ادا کرنے والے پرائیویٹ اداروں کو دیا جاتا تھا مگر اب سرکاری سکولوں کو بھی پاکستان سپورٹس بورڈ کی سہولیات دے دی گئی ہیں۔ رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ طلباء کو پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف راغب کرنا کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینا ہے، ہر سطح پر بچوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہئے، صحتمند رہنے کیلئے کھیل ضروری ہیں۔ ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے طلباء میں 25 ہزار ٹریک سوٹس تقسیم کیے جائیں گے، ٹریک سوٹس کے ساتھ جاگرز اور کھیلنے کے آلات بھی شامل ہیں، سرکاری سکولوں کے طلباء کے لئے سپورٹس بورڈ کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔ یاسرپیرزادہ نے کہا کہ ہر طالب علم اپنی پسند کے کھیل میں شرکت کرے گا، پاکستان سپورٹس بورڈ میں ہفتہ وار کھیلوں کی سرگرمیاں ہوں گی، پاکستان سپورٹس بورڈ طلباء کو کوچز بھی فراہم کرے گا، موسم گرما کی تعطیلات میں طلباء کے لئے خصوصی سرگرمیاں شیڈول کی گئی ہیں۔