شہروں میں سائیکلنگ کلچر کی اہمیت بیدار کرنے کی ضرورت ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

06-03-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ شہروں میں سائیکلنگ کے کلچر کی اہمیت کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سائیکل کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ سائیکل انسانی صحت اور تحفظ ماحولیات کیلئے بہترین سواری ہے، یورپ میں آج بھی سائیکل کو بطور سواری استعمال کیا جاتا ہے تو یہاں کیوں نہیں، سائیکل کو اپنا کر صحت اور قدرتی ماحول کو بچایا جا سکتا ہے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا سائیکل نہ صرف ایندھن کی بچت کرتی ہے بلکہ آلودگی اور بیماری سے بچاتی ہے، سکول اور کالجز کے طلبہ کو سائیکلنگ کی ترغیب دی جائے، طلبہ کو سائیکل کے استعمال کے فوائد سے آگاہ کیا جانا چاہئے، صحت مند طرز زندگی کے لئے سائیکل کے استعمال کو ترجیح دی جانی چاہئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا یو این او بھی 2018 سے سائیکل کو سستی اور ماحول دوست سواری قرار دے کر اسکی اہمیت کا اقرار کر چکی ہے، صحت مند اور محفوظ ماحول کے لئے سائیکلنگ کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔