قوم کی دعاؤں سے اللہ نے پاکستان کو دوبارہ فتح دی: ارشد ندیم

06-02-2025

(لاہورنیوز) قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں کامیابی پر اللہ کا شکرگزار ہوں، قوم کی دعاؤں سے اللہ نے پاکستان کو دوبارہ فتح دی، محنت کسی بھی کام میں کریں، اللہ صلہ ضرور دیتا ہے۔

آبائی شہر میں گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان اس گیم میں آرہے ہیں، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان سے ہم دو جیولین تھرور گئے تھے، گورنمنٹ ہمیں سپورٹ کررہی ہے، امید ہے آئندہ بھی گورنمنٹ ایسے ہی سپورٹ کرے گی۔ ارشد ندیم نے بتایا کہ کوچ نے میرے لیے دن رات محنت کی ہے، اسلام آباد میں اکیڈمی تیار کررہے ہیں، والدین اپنی اولاد کیلئے ہمیشہ دعا کرتے ہیں، عوام کی دعاؤں سے اللہ نے عزت دی، پیرس اولمپکس میں بھی گولڈمیڈل عوام کی دعاؤں سے جیتا، ایشین ایتھلیٹکس گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنا بھی عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے ایک چھوٹے سے گاؤں سے سفر شروع کیا، آج پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہورہا ہے،ہمارے ملک کے نوجوان بھی اس گیم میں ضرور آئیں، ستمبر میں ورلڈایتھلیٹکس چیمپئن شپ آرہی ہے، اس میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان میدان میں اترتا ہے تو سب ہی حریف ہوتے ہیں اور گولڈ میڈل "گولڈ میڈل" ہی ہوتا ہے، کوچ نے میرے لیے رات دن محنت کی ہے، واپڈا لیسکو نے مجھے روزگار دیا ہوا ہے۔