وفاقی وزیر اقتصادی امور اور فرانسیسی سفیر کی ملاقات
05-29-2025
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے فرانسیسی سفیر نکولس گیلی کی ملاقات ہوئی، احد چیمہ نے جی ایس پلس سٹیٹس میں پاکستان کا ساتھ دینے پر فرانسیسی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق ملاقات میں فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر ونسنٹ تھیونو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ فرانسیسی حکومت توانائی سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان سے بھرپور تعاون کر رہی ہے، فرانسیسی سفیر نے وفاقی وزیر احد چیمہ کو فرانس کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کی مدد سے جاری 14 منصوبوں کو جلد مکمل کریں گے، احد چیمہ نے امید ظاہر کی کہ جلد فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی 7 نئے منصوبوں کی منظوری دے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں فرانس کے تعاون سے موسمیاتی موافقت کے نئے منصوبے شروع ہوں گے، گلگت بلتستان والے منصوبے کے تحت 3000 نئے گھر تعمیر ہوں گے اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹس لگائے جائیں گے۔ ترجمان اقتصادی امور کے مطابق فرانس کے تعاون سے لاہور اور فیصل آباد میں پانی اور صفائی سے متعلق منصوبے بھی جلد شروع ہونے کا امکان ہے، فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی حکومت پاکستان سے تعاون جاری رکھے گی۔