کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن، والدین پر ایف آئی آر کٹے گی
05-29-2025
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کارروائیوں کے سخت احکامات دے دیئے، مرزا فاران بیگ کے مطابق تمام سی ٹی اوز ڈی ٹی اوز بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھیں، رواں ماہ صوبہ بھر میں 50 ہزار سے زائد کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ انہوں نے بتایا لاہور ٹریفک پولیس نے 19 ہزار 600 سے زائد کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کارروائی کی، کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن میں 2900 سے زائد موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بند کر دیا گیا، کم عمر ڈرائیورز کو 2 ہزار روپے کا چالان، موٹرسائیکل بند جبکہ والدین نے بیان حلفی جیسی سختیوں کا سامنا کیا۔ ترجمان کے مطابق حکومتی احکامات پر کم عمر ڈرائیورز کے والدین کیخلاف اب ایف آئی آر کا اندراج بھی ہو گا، بغیر لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے، اپنے بچوں کا مستقبل تاریک مت بنائیں۔