لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافہ، پارہ 41 ڈگری تک پہنچنے کا امکان
05-29-2025
(لاہور نیوز) شہر کا درجہ حرارت ایک مرتبہ پھر بڑھنے لگا ہے جس کے باعث گرمی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور شہری شدید گرمی سے پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا۔ پیشگوئی کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوائیں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد تک پہنچ سکتا ہے، جو گرمی کی شدت کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوپ سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنائیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔