عیدالاضحیٰ سے قبل سبزیوں کے نرخ بڑھنا قابل برداشت نہیں، مریم نواز شریف
05-28-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے عیدالاضحیٰ سے قبل سبزیوں کے نرخ بڑھنا قطعاً قابل برداشت نہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے سبزیوں، دالوں، آٹا اور روٹی کے نرخ پر بریفنگ لی، صوبے میں چکن کے نرخ بڑھنے پر سخت اظہار برہمی کیا اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو چکن کی پرائس کنٹرول کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں آٹے کے نرخ میں کمی آنے پر روٹی کی قیمت کم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سبزیوں کی منڈیوں تک رسائی کیلئے اخراجات کم کرنے کا پلان بھی طلب کر لیا، انہوں نے ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ کو بے موسمی سبزیاں اگانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ذخیرہ اندوزی کر کے سبزیوں کے نرخ بڑھانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، حکومتی اداروں کی موجودگی کے باوجود چکن کے نرخ بڑھنا ناقابل قبول ہے۔