لاہور پولیس کا احسن اقدام، نا فرمان بیٹا ماں کے قدموں میں گر گیا

05-27-2025

(لاہور نیوز) پولیس کے سمجھانے پر نا فرمان بیٹا ماں کے قدموں میں گر گیا اور ماں سے معافی مانگتا رہا۔

مصری شاہ تھانے میں ماں کی جانب سے بیٹے کی بدتمیزی کیخلاف درخواست جمع کرائی گئی جس پر پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے بیٹے کو پکڑ کر تھانہ لے آئی، ایس ایچ او مصری شاہ  نے ماں اور بیٹے کے درمیان صلح صفائی کیلئے باہمی گفتگو کروائی تاہم ماں کے رضامند نہ ہونے پر بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا۔ ماں تو پھر ماں ہوتی ہے بیٹے کو سلاخوں کو پیچھے دیکھ کر تڑپ اٹھی اور پولیس سے بیٹے کو چھوڑنے کی درخواست کر دی، خاتون  نے پولیس سے کہا کہ میرے بیٹے کو چھوڑ دیں میں اسے معاف کرتی ہوں جس پر پولیس  نے بیٹے کو سمجھایا، بعدازاں ماں سے معافی مانگنے اور کارروائی کیلئے دی جانے والی درخواست واپس لینے پر خاتون کے بیٹے کو چھوڑ دیا گیا۔