پولیس دفاتر سے کروڑوں کا اسلحہ و بارود غائب، محکمہ داخلہ نے جواب طلب کر لیا

05-27-2025

(لاہور نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب کے زیر نگرانی اداروں سے گزشتہ 4 سالوں میں کروڑوں روپے مالیت کا اسلحہ اور بارود غائب ہونے کے انکشاف پر مذکورہ متعلقہ محکموں سے جواب طلب کر لیا گیا۔

2021 سے 2024 کے دوران غائب ہونے والے سامان کی آڈٹ رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کر دی گئی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی زیر نگرانی اداروں سے کروڑوں روپے مالیت کا اسلحہ اور بارود غائب ہو چکا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور پولیس آفس لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر 12 اضلاع کے پولیس دفاتر سے اسلحہ اور بارود غائب ہوا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اس حوالے سے تمام ذیلی اداروں سے جواب طلب کر لیا گیا ہے تاہم ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔