پی ایس ایل سیزن 10: لاہور ٹریفک پولیس کا پارکنگ و روڈ مینجمنٹ پلان جاری
05-25-2025
(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا فائنل آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا جس کیلئے ٹریفک پولیس لاہور نے جامع ٹریفک اور پارکنگ پلان جاری کر دیا ہے۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق میچ کے دوران 600 سے زائد ٹریفک اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے جبکہ 20 فورک لفٹرز اور 4 بریک ڈاؤن گاڑیاں ہمہ وقت تیار رہیں گی تاکہ رانگ پارکنگ اور ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔ ڈیفنس سے آنے والے افراد فردوس مارکیٹ سے سنٹر پوائنٹ کا لیفٹ ٹرن لے کر CBD میں گاڑیاں پارک کریں گے۔فیروز پور روڈ سے آنے والے افراد کلمہ چوک سے ٹرن لے کر نیشنل پارک سے گورنمنٹ کالج گلبرگ میں پارکنگ کریں گے۔ ڈیفنس اور کینٹ سے آنے والے شرکاء حسین چوک یا شیرپاؤ برج سے ہوتے ہوئے مین بلیوارڈ گلبرگ سے لبرٹی پارکنگ کا رخ کریں گے، مغل پورہ، گڑھی شاہو سے آنے والے افراد مین بلیوارڈ گلبرگ سے سن فورٹ ہوٹل لبرٹی پارکنگ میں گاڑیاں پارک کر سکتے ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ کسی بھی روڈ کو مستقل بند نہیں کیا جائے گا تاہم تمام اہم سڑکیں، بشمول مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ ٹریفک کیلئے کھلی رہیں گی۔