رائیونڈ: کروڑوں کی بجلی چوری پکڑی گئی، 12 ملزمان گرفتار
05-25-2025
(لاہور نیوز) رائیونڈ کے علاقے میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کے دوران فرنس فیکٹری سے بجلی چوری نیٹ ورک پکڑا گیا جبکہ چوری میں ملوث 12 ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
رائیونڈ کے علاقہ بجلی چوری کیخلاف آپریشن لیسکو، پولیس اور رینجرز کی جانب سے کیا گیا، کارروائی لدھیکے جیابگا سب ڈویژن کی حدود میں کی گئی۔ لیسکو حکام کے مطابق بجلی چوری کر کے ملزمان لیسکو کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے، بجلی چوری میں استعمال ہونیوالے ٹرانسفارمرز اور تاروں سمیت دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کا عمل جاری رہے گا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے لیسکو ٹیم کو خوفزدہ کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کی تاہم ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔