شدید آندھی، بارش: پنجاب میں مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق، 101 زخمی
05-25-2025
(لاہور نیوز) شدید آندھی، بارش ،ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث پنجاب میں مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق، 101 زخمی ہوئے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اٹک میں 48 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 37، چکلالہ 27، کچہری میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ میانوالی میں 13، عیسیٰ خیل 12 ملی میٹر،چکوال میں 12، مری، نورپور تھل اور نارووال میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر 11، لکشمی چوک میں 3، گلبرگ، اپرمال، جیل روڈ میں 2 ملی میٹر،فیصل آباد، سیالکوٹ، ایم بی دین، گوجرانوالہ، جھنگ، راجن پور میں ہلکی بارش ہوئی۔ شدید آندھی، بارش ،ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث پنجاب میں نقصانات کے بارے میں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق، 101 زخمی ہوئے۔ جہلم میں 2 افراد جاں بحق، 32 افراد زخمی ہوئے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع لاہور میں آسمانی بجلی اور چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ۔ راولپنڈی، سیالکوٹ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، میانوالی اور لیہ میں بھی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا ، جاں بحق افراد کے لواحقین کی بھی حکومتی پالیسی کے تحت امداد یقینی بنائی جائے گی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب کی شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا شہریوں سے گزارش ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔