گرمی کی چھٹیوں سے قبل سکولوں کو داخلوں کا ہدف پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا

05-24-2025

(ویب ڈیسک) گرمی کی چھٹیوں سے قبل سکولوں کو داخلوں کا ہدف پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور داخلوں کا ہدف پورا کرنے میں پنجاب میں 30 ویں نمبر ہے، خانیوال پہلے، حافظ آباد دوسرے اور ننکانہ صاحب تیسرے نمبر پر ہے، داخلہ مہم میں اضلاع کی رینکنگ میں راجن پور سب سے آخر میں 36 ویں نمبر پر ہے۔ لاہور کو داخلوں کا ہدف پورا کرنے کیلئے مزید 33 ہزار بچے سکول لانا ہونگے، داخلوں کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے حکام ہیڈ ٹیچرز کو دھمکانے لگے۔ ذرائع کے مطابق شدید دباؤ کی وجہ سے سکول سربراہان بوگس انرولمنٹ کرنے پر مجبور ہیں، سکول سربراہان کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے قریب ان ایام میں داخلہ نہیں ہوتا، نجی سکول جنوری میں ہی سیشن شروع کر چکے ہیں، ہم بچے کہاں سے لائیں؟ انرولمنٹ اہداف پورے کرنے کیلئے دھمکانہ بند کیا جائے۔ ایجوکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ داخلوں کا ہدف پورا کیا جائے گا، جعلی انرولمنٹ پر سخت کارروائی کی جائے گی۔