بھارتی جارحیت کے دوران ملک اور ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی پر کارروائی کا آغاز
05-15-2025
(لاہور نیوز) بھارتی جارحیت کے دوران اندرون و بیرون ملک سے سوشل میڈیا پر ملک اور اس کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بھارتی جارحیت کے دوران اندرون و بیرون ملک سے سوشل میڈیا پر وطن و اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے صحافی و یوٹیوبر احمد نورانی سمیت 5 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا اور تفتیش کے بعد عادل فاروق راجا، محمد عمر اور احمد نورانی ودیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ملزمان پر بھارتی جارحیت کے دوران سوشل میڈیا پر پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے، جھوٹا اور اشتعال انگیز مواد شیئر کرنے کا الزام ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات سرکار کی مدعیت میں درج کئے گئے ہیں اور مقدمات کے اندراج کے بعد وسیع پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔