جنرل ہسپتال کی او پی ڈی بند کرنیوالے گروہ کی لیڈر ہیڈ نرس برطرف

05-01-2025

(لاہور نیوز) جنرل ہسپتال کی او پی ڈی بند کرنے والے گروہ کی لیڈر ہیڈ نرس خالدہ تبسم کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔

صوبائی حکومت نے نام نہاد احتجاج کے نام پر مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے والے ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکس کے بعد اب نرسز کیخلاف بھی سخت کارروائی کا آغاز کر دیا۔ جنرل ہسپتال کی او پی ڈی زبردستی بند کرنے والے گروہ کی لیڈر ہیڈ نرس خالدہ تبسم کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ خالدہ تبسم جنرل ہسپتال میں "گرینڈ ہیلتھ الائنس" کی کال پر او پی ڈی میں فراہم کی جا رہی علاج معالجہ کی سہولتیں بند کروانے میں ملوث تھی۔ خالدہ تبسم کو جاری کئے گئے نوٹس میں اس پر سنگین نوعیت کے مس کنڈکٹ، حکم عدولی، سٹاف کو اکسانے کے چارجز فریم کئے گئے تھے، اس نے ہسپتال کے آڈیٹوریم میں بلااجازت اجتماع کیا اور اس میں دوسرے ہسپتالوں کے سٹاف کے ساتھ غیرمتعلقہ افراد کو بھی بلایا، اس اجتماع میں پبلک فنکشنریز کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔