میاں،بیوی کے ایک دوسرے کےفونز چیک کرنے میں کوئی برائی نہیں: مریم نور
04-30-2025
(ویب ڈیسک) اداکارہ مریم نور نے کہا ہے کہ شوبز اور میڈیا انڈسٹری میں مطلب کی دوستیاں ہوتی ہیں، شک ہونے پر میاں اور بیوی کو ایک دوسرے کے موبائل فونز چیک کرنے چاہئیں، اس میں کوئی برائی نہیں۔
مریم نور نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔ پروگرام کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ انہیں کوئی بھائی نہیں، وہ صرف بہنیں ہیں لیکن انہیں کبھی بھائی کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ اداکارہ کے مطابق جو شادی شدہ جوڑے بیٹے کی خواہش میں بار بار بچے پیدا کرتے ہیں اور ان کے ہاں پھر بھی بیٹا نہیں ہوتا تو اس میں ان کی کوئی غلطی نہیں، ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اگر ان کے صرف بیٹے ہیں تو بیٹی بھی ہو۔ ایک سوال کے جواب میں مریم نور نے بتایا کہ لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں پر شادی کا زیادہ دباؤ رہتا ہے، 23 سال کی عمر کے بعد دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر والدین کو پتا چل جائے کہ ان کی بیٹی کا کسی لڑکے سے تعلق ہے، وہ کسی سے بات کرتی ہے تو پھر قیامت آجاتی ہے، جلدی سے اس کی شادی کرا دی جاتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ شک ہونے پر میاں اور بیوی کو ایک دوسرے کے موبائل فونز چیک کرنے چاہئیں، اس میں کوئی برائی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین اور بچوں کو بھی ایک دوسرے پر شک ہوتا ہے، وہ بھی ایک دوسرے کے موبائل چیک کرتے ہیں جب کہ دوستوں کو بھی شک ہوجاتا ہے، وہ بھی کرتے ہیں، اس میں کوئی غلط بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی شوہر کا موبائل چیک نہیں کیا لیکن اگر کبھی وہ چیک بھی کریں گی تو وہ ان کی دوستوں، والدین اور اہل خانہ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو نہیں دیکھیں گی۔ مریم نور کا کہنا تھا کہ شوہر کی جانب سے ان کا فون چیک کرنے پر انہیں برا نہیں لگے گا، ان کے فون میں ایسا کچھ بھی نہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی کوئی بات خفیہ رکھی ہے۔ اداکارہ نے شوبز اور میڈیا میں دوستیوں کے سوال پر کہا کہ شوبز میڈیا انڈسٹری میں مطلب کی دوستیاں ہوتی ہیں، ہر کوئی اس وقت تک کسی کا اچھا دوست ہوتا ہے جب تک وہ برابر کا کام کر رہا ہوتا ہے۔ مریم نور کے مطابق جیسے ہی کوئی شخص اچھا اور بڑا کام کرے اور شہرت ملے تو اس کی دوستی تبدیل ہوجاتی ہے، وہ خود سے کم شہرت یافتہ سے تعلق ختم کردیتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میڈیا میں بہت سارے لوگ ایک دوسرے کو استعمال بھی کرتے ہیں اور ہر کسی کو کسی سے بھی تعلقات بڑھاتے وقت ان چیزوں کو دیکھنا چاہیے۔