پی آئی اے کی باکو کیلئے لاہور سے پہلی پرواز روانہ
04-20-2025
(لاہور نیوز) پی آئی اے نے باکو کیلئے پروازں کا آغاز کردیا، لاہور سے پہلی فلائٹ 174 مسافروں کو لے کر روانہ ہوگئی۔
پی آئی اے نے آذربائیجان کے شہر باکو کیلئے پروازں کا آٖغاز کر دیا، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور سے پی آئی اے کی پرواز 159 نے باکو کیلئے اڑان بھر لی، جس میں 174مسافر سوار تھے، پہلے مرحلے میں لاہور اور باکو کے درمیان ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔ پرواز کی روانگی سے قبل لاہورایئرپورٹ کے بین الاقوامی روانگی لاؤنج میں خصوصی تقریب ہوئی، جس میں کیک کاٹا گیا، تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادیو، سیکرٹری ڈیفنس میجر جنرل عامر اشفاق کیانی، ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی سمیر سعید سمیت ایئر پورٹ منیجر لاہور نذیر خان نے خصوصی شرکت کی۔ سول ایوی ایشن کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے، اس موقع پر پی آئی اے کی جانب سے باکو جانے والے مسافروں کو تحائف بھی دیے گئے۔ قبل ازیں قومی ایئرلائنز کی جانب سے باکو کیلئے پروازیں شروع ہونے کی خوشی میں ایک روڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام ٹریول ایجنٹس، ٹور آپریٹرز اور سیاحت سے منسلک افراد نے شرکت کی۔ پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایشیا کا یورپ کہلائے جانے والا شہر باکو دنیا کے ایک بڑے سیاحتی مقام کی حیثیت سے ابھر رہا ہے، خوبصورت ترقی یافتہ شہر باکو کی وجہ شہرت لذیذ کھانے، تاریخی مذہبی اور ثقافتی مقامات ہیں۔