گاڑیوں کی اوور لوڈنگ پر جرمانے بڑھانے کا بل اسمبلی میں پیش
04-19-2025
(لاہور نیوز) جرمانوں میں اضافے سے متعلق بل پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا، صوبائی موٹر گاڑیاں آرڈیننس 1965 میں ترامیم کی جائیں گی۔
ترامیم، دی صوبائی موٹر گاڑیاں ترمیم ایکٹ 2025 کے نام سے جانی جائیں گی۔ متن میں لکھا گیا کہ بعد از ترمیم دو ایکسل گاڑی کو اوور لوڈنگ پر جرمانہ 2000 روپے سے 7000 روپے ہو گا، دو ایکسل گاڑی کو دوسری بار غلطی پر اوور لوڈنگ کا جرمانہ 4000 روپے سے 14000 ہو گا۔ تین اور چار ایکسل گاڑی کو 5 سے 20 ہزار جرمانہ ہو گا، تین اور چار ایکسل گاڑی کو دوسری غلطی پر 10 سے 35 ہزار جرمانہ ہو گا، چار ایکسل سے زائد گاڑی کو 7 سے 25 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔ دوسری غلطی پر چار ایکسل سے زائد گاڑی کو 12 سے 25 ہزار روپے جرمانہ ہو گا، سخت سزا کے طور پر ایک ماہ قید اور جرمانہ جبکہ صرف قید بھی ہو سکے گی، بعد از ترمیم لوڈر گاڑیوں کو پرمٹ کے ساتھ فٹنس سرٹیفکیٹ لینا بھی لازم ہو گا۔ اوور لوڈ گاڑیوں سے سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو اربوں کا نقصان ہوتا ہے، 1965 ایکٹ میں ترامیم دور جدید کی ضرورت ہیں، ترامیم کے ذریعے 1965 ایکٹ میں تمام لوڈر گاڑیوں کی وضاحت کی جائے گی، 1965 ایکٹ میں ابھی تمام لوڈر گاڑیاں ایک ہی قسم کی تصور کی جاتی ہیں۔ 1965 ایکٹ میں تمام لوڈر گاڑیوں کا جرمانہ فی الحال 100 روپے سے 500 روپے ہے، ترمیمی بل متعلقہ کمیٹی کے حوالے ، کمیٹی 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔