جس ریاست کا ماڈل انصاف ہو وہ دنیا کی بہترین ریاست ہوتی ہے، علی امین گنڈاپور
04-17-2025
(لاہور نیوز) وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا جس ریاست کا ماڈل انصاف ہو وہ دنیا کی بہترین ریاست ہوتی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا ہمارے آباؤاجداد نے ملک حاصل کرنے کیلئے جانی ومالی قربانیاں دیں، پاکستان ایک سیاسی تحریک سے وجود میں آیا، اس ملک میں ڈنڈے کے زور پر حکومتیں بنانا شروع کر دی گئیں، ملک کے آئین کو توڑ کر مارشل لا لگائے گئے۔ انہوں نے کہا لوگوں کو مارشل لا لگا کر زبردستی مسلط کیا گیا، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دیکر شہید کر دیا گیا، یہ سوال بھی ہونا چاہئے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے والوں کو کیا سزا دی جائے گی؟ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا مدینہ کی ریاست انصاف پر قائم تھی، جس ریاست کا ماڈل انصاف ہو وہ دنیا کی بہترین ریاست ہوتی ہے، لیکن افسوس ہے کہ ہمارا انصاف کا نظام آج بہت پیچھے ہے، آج پاکستان 76 ہزار ارب روپے کے قرض میں ڈوب چکا ہے، ہم آج خوددار ہیں نہ خودمختار، کشمیر اور فلسطین میں انسانوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا آپ جج، وکیل اور مدعی بھی خود ہیں تو ایسے ملک نہیں چلتے، بانی پی ٹی آئی صرف اور صرف قوم، مسلمانوں اور انسانوں کی بات کرتا ہے، بانی آج بے گناہ جیل میں ہیں کیونکہ اس سے نظام کو خطرہ ہے، ہمارے لیڈرز اور ورکرز بھی جیلوں میں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا بانی صرف پاکستان میں رول آف لا چاہتا ہے، بانی ہماری اور قوم کے بچوں کی جنگ لڑ رہا ہے، آواز دبانے سے جنون نہیں مرتا، ہماری جیت قریب ہے، بانی پی ٹی آئی جلد ہمارے درمیان ہوں گے، بانی پی ٹی آئی قوم کی آواز ہیں جس کو کوئی دبا نہیں سکتا۔