لاہور ہائیکورٹ: ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ ایکٹ کیس کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی

04-16-2025

(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ ایکٹ پر عملدرآمد سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے مزید کارروائی 23 اپریل تک ملتوی دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ  نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عدالتی معاون قرۃ العین افضل عدالت میں پیش ہوئیں، ملزم کے وکیل قاضی ظفر، پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد، ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ، عدالتی معاون بیرسٹر حیدر رسول مرزا اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ستار ساحل عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ  نے سوال اٹھایا کہ کیا ضمانت کے کیسز میں اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے بلایا جاسکتا ہے؟ دوران سماعت عدالتی معاون قرۃ العین افضل  نے 8 صفحات پر مشتمل جواب جمع کروا دیا۔ عدالتی معاون قرۃ العین افضل  نے بتایا کہ سی پی سی کے آرڈر کے تحت فوجداری کیسز میں ایڈووکیٹ جنرل اور اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نہیں بلایا جا سکتا، سی آر پی سی اس معاملہ پر خاموش ہے۔ عدالتی معاون بیرسٹر حیدر رسول مرزا  نے مہلت مانگ لی جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل  نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ انتظامی سطح پر اس معاملہ کو دیکھ لے تو بہتر ہے، عدالت نے وکلا کو مزید دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔