شوگر ملز میں ٹیکس چوری روکنےکیلئے ایف بی آر کا عملہ پھر تبدیل

04-07-2025

(ویب ڈیسک) ایف بی آر نے شوگر ملز میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے ایک دفعہ پھر تمام تر توجہ مرکوز کر دی۔

ذرائع کے مطابق  شوگر ملز میں سیلز ٹیکس ایکٹ کے سیکشن 40 بی کے نفاذ کیلئے ایک دفعہ پھر عملہ تبدیل کر دیا، ایف بی آر  نے شوگر ملز کی مانیٹرنگ کیلئے مختلف ٹیکس دفاتر سے تجربہ کار ملازمین کی خدمات لے لیں، قابل افسران کو درجنوں نامور بڑی شوگر ملز میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینےکیلئے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ ٹیکس میں چوری کو روکنے اور تیار چینی کی سخت مانیٹرنگ کیلئے ایف بی آر نےقابل ملازمین کو تعینات کیا، ایف بی آر کی ہدایات کی روشنی میں شوگر ملز میں پہلے سے موجود عملہ تمام تر معلومات و ڈیٹا نئے عملے کو سپرد کریگا۔ ایف بی آر کی ہدایات پر  افسران شوگر ملز میں چینی کی پیداوار، فروخت اور سٹاک کی سخت نگرانی کریں گے، تعینات افسران روزانہ کی بنیاد پر شوگر ملز کی سیلز اور سٹاک کا ریکارڈ مرتب کریں گے۔ کوتاہی برتنے پر متعلقہ افسران کیخلاف تادیبی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔