لاہور میں الیکٹرک بسوں کیلئے نیا چارجنگ سٹیشن اور بس ڈپو بنانے کا فیصلہ

04-04-2025

(لاہور نیوز) لاہور میں الیکٹرک بسوں کیلئے نیا چارجنگ سٹیشن اور بس ڈپو بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ٹھوکر نیاز بیگ میں واقع موضع نیاز بیگ میں 990 ملین روپے کی لاگت سے منصوبہ قائم کیا جائے گا، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو لاہور میں الیکٹرک بسوں کیلئے ڈپو بنانے کی ذمہ داری تفویض کر دی گئی۔ بس فلیٹ کو چارجنگ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے نیا بس ڈپو اور چارجنگ سٹیشن تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بس ڈپو شہر کے جنوبی حصے میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب قائم کیا جائے گا، منصوبے پر مجموعی طور پر 90 کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئے گی، محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے 48 کنال 16 مرلے اور 150 مربع فٹ زمین حاصل کرنے کیلئے باضابطہ مراسلہ لکھ دیا، اراضی خالصتاً الیکٹرک بسوں کیلئے مخصوص کی جائے گی۔ چارجنگ انفراسٹرکچر، ورکشاپس اور پارکنگ سمیت دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، یہ شہر لاہور میں الیکٹرک بسوں کیلئے قائم کیا جانے والا دوسرا بس ڈپو ہو گا، اس سے قبل جناح بس ڈپو گرین ٹاؤن میں فعال کیا جا چکا ہے، نیا ڈپو اپنی وسعت اور گنجائش کے لحاظ سے سب سے بڑا ہو گا، یہ ڈپو شہر میں مستقبل میں آنے والی تمام نئی الیکٹرک بسوں کو چارج کرنے کی بنیادی سہولت فراہم کرے گا۔ حکومت پنجاب نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو منصوبے پر کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔