قیدیوں کی سزا میں معافی اور بقیہ سزا کا تمام ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا
04-04-2025
(لاہور نیوز) پریزن ریفارمز کے تحت قیدیوں کی سزا میں معافی اور بقیہ سزا کا تمام ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قیدیوں کے اہل خانہ صرف ایک ایس ایم ایس کے ذریعے رہائی کی تاریخ بارے جان سکیں گے، معلومات کیلئے PMIS (Space)(Prisoner's Computer Number) لکھ کر 8070 پر میسج کر کے محکمہ داخلہ کے جوابی میسج میں گزشتہ دو معافیوں کی تفصیل اور رہائی کی تاریخ بارے جان سکیں گے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے جیل قوانین کے مطابق قیدیوں کی سزا میں کمی یا معافی کی کئی صورتیں ہیں، سرکاری سطح پر معافی کے اعلان کے علاوہ تعلیم، تکنیکی صلاحیت کے حصول اور اچھے کردار پر سزا میں معافی ملتی ہے، سزا میں ہر معافی کو فوری طور پر قیدی کے ریکارڈ کا حصہ بنایا جانا ضروری ہے، اب قیدیوں یا اہل خانہ کو سزا میں معافی کا ریکارڈ حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہو گی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا قیدیوں کی سزا میں معافی اور رہائی کا تمام ڈیٹا شفاف انداز میں آن لائن کیا گیا ہے، جدید سسٹم تیار کیا ہے تاکہ کسی قیدی کو مقررہ سزا سے ایک لمحہ بھی اضافی قید میں نہ رکھا جائے۔