وزیراعظم کا پرائیویٹ حج کوٹے سے متعلق سخت نوٹس، کمیٹی تشکیل
04-04-2025
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال پرائیویٹ حج کوٹے میں ہزاروں پاکستانیوں کو حج سے محروم ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے سعودی وزارت حج کی اس سال 2025 کے حج بارے پالیسی پر بروقت مقررہ شیڈول میں عمل کر کے پرائیویٹ حج کوٹہ حاصل نہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس کی فوری انکوائری کا حکم دیا ہے۔ شہباز شریف نے انکوائری کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس کے چیئرمین سیکرٹری کابینہ ڈویژن ہوں گے، دیگر اراکین میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور وفاقی سیکرٹری گلگت بلتستان شامل ہیں۔ کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ وہ انکوائری کرے کہ سعودی وزارت حج کی اس سال پرائیویٹ حج پالیسی پر وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کیوں بروقت عمل درآمد نہیں کر سکی، پرائیویٹ حج کے کوٹے کے لئے سعودی وزارت حج سے بروقت کیوں نہیں کہا جا سکا۔ اسی طرح پرائیویٹ حج کوٹہ نہ ملنے سے ہزاروں پاکستانی اس سال حج سے محروم رہ گئے، کمیٹی تین روز میں انکوائری کر کے ذمہ داروں کا بھی تعین کرے اور اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اس بابت کمیٹی سے مکمل تعاون کی پابند ہو گی۔ کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔