سرکاری ٹیچر کی مستقل نوکری، 44 ہزار کے قریب پوسٹیں ختم

04-03-2025

(لاہور نیوز) سرکاری ٹیچر کی مستقل نوکری کے خواہشمند افراد کیلئے بری خبر آ گئی، محکمہ سکول ایجوکیشن نے 44 ہزار کے قریب پوسٹیں ختم کر دیں۔

محکمہ سکول ایجوکیشن  نے ملازمتوں پر بڑا کٹ لگا دیا، سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی 15 فیصد کے قریب پوسٹیں ختم کر دیں، مختلف سکیلز کی 43 ہزار 960 پوسٹیں ختم کر دی گئیں۔ فیصلہ سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کی وجہ سے کیا گیا، مجموعی طور پر دس ہزار سکول آؤٹ سورس کئے گئے ہیں، آؤٹ سورس ہونے والے سکولوں کے اساتذہ کو قریبی سکولوں میں ٹرانسفر کیا جائے گا۔ محکمہ خزانہ، ایجوکیشن اتھارٹیز اور متعلقہ اداروں کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا جس کے مطابق نئی انتظامیہ کے حوالے کرنے سے ان پوسٹوں کو ختم تصور کیا جائے، ان پوسٹوں پر اب نئی مستقل بھرتیاں نہیں ہوں گی۔ اساتذہ کی جانب سے پوسٹیں ختم کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، اساتذہ کا کہنا ہے مستقل سیٹوں کو ختم کرنا افسوسناک ہے۔