بانی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے، عظمیٰ بخاری
03-18-2025
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
لاہور پریس کلب کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ایک سیاسی پارٹی کا کام ملکی مفاد کیخلاف کام کرنا ہے، وہ شخص کورونا میں بھی عوام کے ساتھ نہیں بیٹھا، وہ موصوف شاید خود کو پاکستان سے اوپر سمجھتے ہیں، ان کا ایجنڈا پولرائزیشن ہے، ان کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف کام کرنے والوں کو سپورٹ کرنا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا وطن کی سلامتی اور امن پی ٹی آئی کیلئے اہمیت نہیں رکھتے، آج پوری قیادت قومی سلامتی کمیٹی میں شریک ہے، شام کو خبر آئی تھی کہ ہم بیٹھ رہے ہیں اور نام بھی دے دیئے تھے، میں نے کل کہا تھا یہ قومی سلامتی کمیٹی میں نہیں بیٹھیں گے، ایک تحریک بائیکاٹ ہے جس کا کام ہی بائیکاٹ ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا نواز شریف کے دورحکومت میں یہاں سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو گیا تھا، ان کے دورحکومت میں طالبان کو یہاں لا کر بسایا گیا، طالبان کو صدارتی معافی دلا کر یہاں بسایا گیا، زمان پارک کے باہر وہی دہشتگرد بانی کی سکیورٹی کرتے نظر آئے، ان کو طالبان خان ہمیشہ کہا جاتا رہا جو غلط نہیں تھا، ان کو پاکستان اور عوام کے جان ومال سے کوئی لینا دینا نہیں۔ وزیراطلاعات پنجاب نے کہا خیبرپختونخوا کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے اربوں روپے دیئے گئے، اربوں روپے کے باوجود آج تک کے پی میں سی ڈی ٹی تک نہیں بنا، ان کو دیئے جانے والے اربوں روپے کہاں گئے؟ خیبرپختونخوا کے لوگ رات کو باہر نہیں نکل سکتے، آج پاکستان میں دہشتگردی بُری طرح سر اُٹھا چکی ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا نواز شریف ملک کیلئے ہر طرح کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، نواز شریف نے پہلے بھی پاکستان کو ہر طرح کے بحران سے نکالا ہے، پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کیلئے نواز شریف نے کردار ادا کیا، قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ جب آئے گا تو نواز شریف صاحب کردار ادا کریں گے، سکیورٹی کے معاملے حساس نوعیت کے ہوتے ہیں، اعلامیے کا انتظار کرنا چاہئے کوئی نہ کوئی لائحہ عمل سامنے آئے گا۔