ماہ صیام کا دوسرا جمعۃ المبارک، پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل

03-14-2025

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے ماہ صیام کے دوسرے جمعۃ المبارک کے موقع پر سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ، لاہور سمیت صوبہ بھر کی مساجد، امام بارگاہوں اور اقلیتی عبادت گاہوں میں سکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق، صوبے بھر میں 36 ہزار 500 سے زائد مساجد، 2179 امام بارگاہوں کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ 444 اقلیتی عبادت گاہوں کو بھی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے لیے 75 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضا کار تعینات کیے جائیں گے۔ لاہور میں 5 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور رضا کار اپنی ڈیوٹیاں انجام دیں گے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر 200 سے زائد واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ جمعۃ المبارک کے موقع پر پولیس ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھے گی اور سکیورٹی کو مزید بڑھا دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کا پیغام دیں۔ اس کے علاوہ، مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔